ملک کی سیاسی صورتحال پر غور، دونوں ریاستوں میں بہتر تال میل کے امکانات کا جائزہ
حیدرآباد۔/14 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج ممبئی میں چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے سے ملاقات کی۔ ایکناتھ شنڈے نے چندرا بابو نائیڈو کا استقبال کیا اور انہیں تہنیت پیش کی۔ دونوں چیف منسٹرس کے درمیان ملک کی تازہ سیاسی صورتحال اور مختلف ترقیاتی امور پر بات چیت کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں چیف منسٹرس نے اپنی ریاستوں میں روبعمل فلاحی اسکیمات کا حوالہ دیا۔ نائیڈو اور ایکناتھ شنڈے کے درمیان 30 منٹ تک ملاقات جاری رہی اور شنڈے نے ملاقات کی تصویریں سوشیل میڈیا پر وائرل کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ریاستوں کے درمیان باہمی تعاون کے ذریعہ مختلف مسائل کی یکسوئی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تلگودیشم سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو، مہاراشٹرا کے وزیر پی ڈبلیو ڈی دادا بھوس شنڈے اور رکن پارلیمنٹ پرکاش شنڈے موجود تھے۔ چیف منسٹرس نے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے علاوہ ڈیجیٹل شعبہ میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ تلگودیشم اور شیوسینا شنڈے گروپ مرکز میں برسراقتدار این ڈی اے میں شامل ہیں۔ سیاسی حلقوں میں دونوں کی ملاقات کو کافی اہمیت دی جارہی ہے۔ مہاراشٹرا اسمبلی کے انتخابات قریب ہیں ایسے میں ایکناتھ شنڈے نے چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرکے آندھرا پردیش میں تلگودیشم کی کامیابی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا تاکہ مہاراشٹرا کے چناؤ میں شنڈے گروپ اسی حکمت عملی پر عمل کرسکے۔1