چندرا بابو نائیڈو کی پسماندہ طبقات سے دھوکہ دہی

   

انتخابی فائدہ کیلئے اعلانات ، سابق وزیر دھرمنا پرساد راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق وزیر اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سینئر قائد دھرمنا نے چندرا بابو نائیڈو حکومت پر بی سی طبقات کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دھرمنا پرساد راؤ نے کہا کہ انتخابات سے عین قبل چندرا بابو نائیڈو پھر ایک بار پسماندہ طبقات کو دھوکہ دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ مختلف اعلانات کے ذریعہ وہ پسماندہ طبقات کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات بارہا چندرا بابو نائیڈو کی دھوکہ دہی کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پسماندہ طبقات کیلئے مگرمچھ کے آنسو بہانے والے چندرا بابو نائیڈو نے این ڈی اے حکومت میں تلگو دیشم وزراء کی شمولیت کے بعد پسماندہ طبقات کو نمائندگی کیوں نہیں دی۔ ایک بھی بی سی کو مرکزی وزیر کیوں نہیں بنایا؟ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں بی سی طبقات کو نمائندگی نہیں دی گئی ۔ دھرمنا پرساد راؤ نے ریٹائرڈ جسٹس ایشوریا کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بی سی ججس کے تقرر میں چندرا بابو نائیڈو نے رکاوٹ پیدا کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی سی ’’جئے ہو‘‘ کا نعرہ لگانے کا چندرا بابو نائیڈو کو کوئی اخلاقی حق نہیں ہے ۔ وہ محض انتخابی فائدہ کیلئے پسماندہ طبقات کے لئے مختلف وعدے کر رہے ہیں۔ دھرمنا پرساد راؤ نے کہا کہ کے سی آر نے فیڈرل فرنٹ کی جو تجویز رکھی ہے ، اس بارے میں آندھراپردیش کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ وائی ایس آر کانگریس کی اولین ترجیح ریاست کے مفادات کا تحفظ ہے۔