چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری۔دل کا دورہ پڑنے سے 6 افراد کی موت

   

حیدرآباد 10ستمبر (یو این آئی) آندھراپردیش اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں گرفتار سابق چیف منسٹر و تلگودیشم صدراین چندرابابونائیڈو کی گرفتاری پر صدمہ سے دوچار 6افراد کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ صدمہ سے مرنے والوں کی تعداد دو تھی جس میں اضافہ ہوگیا اور اب یہ تعداد بڑھ کر 6تک جاپہنچی۔تفصیلات کے مطابق اننت پور کا 65 سالہ انجینلو ٹی وی پر نائیڈو کی گرفتاری کے مناظر دیکھ رہا تھا۔وہ اپنے لیڈر کی گرفتاری پر مایوس تھا۔ اسی دوران ٹی وی پر یہ مناظردیکھنے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے اس کی موت ہوگئی۔ دوسرا واقعہ کوناسیما ضلع میں پیش آیا جہاں ضعیف خاتون کی اسی صدمہ سے موت ہوگئی ۔ 65سالہ خاتون جس کی شناخت سوگنماں کے طورپر کی گئی ہے ، کو اس کے پوتے نے سل فون پر چندرابابو کی گرفتاری کے مناظر دکھائے جس پروہ مایوس ہوگئی۔اسی دوران دل کا دورہ پڑا اور اس کی مو ت ہوگئی۔اسی ضلع کے ساکن 62سالہ نرسمہا کی بھی اسی صدمہ سے موت ہوگئی۔اسی دوران نائیڈو کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے 67سالہ آر پاٹیتھلی کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔کرشنا ضلع سے تعلق رکھنے والے 60سالہ کوڈالی سدھاکر راؤ کی ٹی وی پر چندرا بابو کی گرفتاری کی خبر دیکھتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی ۔ تروپتی کے 46سالہ وینکٹ رمنا کی بھی ٹی وی پر نائیڈو کی گرفتاری کی خبر دیکھتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔