چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری کیخلاف درخواست کی آج سپریم کورٹ میں سماعت

   

چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کا اتفاق، قواعد کے برخلاف گرفتاری پر مقدمہ کالعدم کرنے کی اپیل

حیدرآباد۔/26ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں کل27 ستمبر کو سماعت ہوگی۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے سینئر وکلاء نے آج چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کے اجلاس پر خصوصی درخواست کی سماعت کی اپیل کی۔ چیف جسٹس نے کل چندرا بابو نائیڈو کے وکلاء کو آج اس معاملہ پر توجہ دہانی کی اجازت دی تھی۔ چیف جسٹس آف انڈیا نے چندرا بابو نائیڈو کے خلاف دائر کردہ مقدمہ کو کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست کی کل چہارشنبہ کو سماعت سے اتفاق کیا اور بتایا کہ شام تک اس مسئلہ کو کس بنچ سے رجوع کیا جائے گا اس کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔ انسداد رشوت ستانی قانون کے سیکشن 17A کے تحت قائد اپوزیشن کی گرفتاری کیلئے گورنر سے قبل از وقت اجازت حاصل کرنا ضروری ہے لیکن سی آئی ڈی نے گورنر سے اجازت حاصل کئے بغیر ہی چندرا بابو نائیڈو کو گرفتار کرلیا۔ اس سلسلہ میں ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد کئے جانے کے بعد سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چندرا بابو نائیڈو جو گرفتاری کے بعد راجمندری جیل میں عدالتی تحویل میں ہیں اور سی آئی ڈی نے مزید تحویل میں لینے کیلئے خصوصی عدالت میں درخواست پیش کی ہے۔ عدالت نے 5 اکٹوبر تک چندرا بابو نائیڈو کی عدالتی تحویل میں توسیع کردی ہے۔ سپریم کورٹ کے نامور وکلاء نے چہارشنبہ کو پیروی کی تیاری کرلی ہے۔ تلگودیشم کے اہم قائدین سماعت کے وقت دہلی میں موجود رہیں گے۔ تلگودیشم قائدین کو امید ہے کہ گرفتاری کے مسئلہ پر سپریم کورٹ سے راحت ملے گی۔