تلنگانہ اور آندھراپردیش میں فلاحی پروگرام عوام کی خدمت جاری رکھنے صدر تلگو دیشم کا عہد
حیدرآباد۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی کے قومی صدر اور سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر تلگو ریاستوں میں کئی ایک تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں تلگو دیشم قائدین اورکارکنوں نے کیک کاٹے اور مختلف فلاحی پروگرام منعقد کئے گئے۔ وجئے واڑہ میں چندرابابونائیڈو نے 72 کیلو وزنی کیک کاٹا ۔ اس موقع پر 250 غریب بچوں میں نوٹ بکس کی تقسیم عمل میں آئی۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی کی جانب سے منعقد کی گئی مختلف تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ وہ آخری سانس تک خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو سماج کی عظمت رفتہ بحال کرنے کیلئے وہ مساعی کریں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو کا پارٹی آفس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوام کی جانب سے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ تلگو دیشم دور حکومت میں عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح رہی۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی راما راؤ نے تلگو عوام کی عزت نفس کی برقراری کیلئے تلگو دیشم پارٹی کا قیام عمل میں لایا تھا۔ متحدہ آندھراپردیش میں تلگو دیشم کو فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا اعزاز حاصل ہے۔ آندھراپردیش کے تقریباً تمام اضلاع میں سالگرہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ چندرا بابو نائیڈو سے قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کرنے والے قائدین میں ڈی اوما ، اچن نائیڈو ، ٹی جناردھن اور دوسرے شامل ہیں۔ چندرابابونائیڈو کے فرزند نارا لوکیش اور دیگر قائدین نے سالگرہ تقریب میں شرکت کی ۔ ر