چندرا بابو نائیڈو کے حلقہ اسمبلی کپم میں وائی ایس آر کانگریس کو کامیابی تلگودیشم سربراہ کو دھکا

   

حیدرآباد۔ سابق چیف منسٹر ب تلگو دیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو کو پنچایت راج انتخابات میں اسوقت دھکہ لگا جب ان کے اسمبلی حلقہ کپم میں وائی ایس آر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی۔ کپم حلقہ تلگودیشم کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے جہاں 1989 سے چندرا بابو نائیڈو مسلسل 7 مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ 2013 گرام پنچایت انتخابات منعقد ہوئے جس میں تلگودیشم تائیدی امیدواروں نے 93 کے منجملہ 81 پنچایتوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس مرتبہ صورتحال اُلٹ چکی ہے۔ پنچایت انتخابات کے تیسرے مرحلہ میں وائی ایس آر کانگریس کے تائیدی امیدواروں نے 89 کے منجملہ 74 پنچایتوں میں کامیابی حاصل کی۔ تلگودیشم کے حامی 14 پنچایتوں میں کامیاب رہے باقی پنچایتوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے لیکن وہاں وائی ایس آر کانگریس امیدوار سبقت برقرار رکھے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس نے کپم میں تلگودیشم کے کمزور مظاہرہ پر جشن منایا اور کہا کہ جگن حکومت کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق بوتسا ست نارائنا نے کہا کہ جگن حکومت کی فلاحی اسکیمات کے نتیجہ میں پارٹی نے کپم میں شاندار کامیابی حاصل کی۔