حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ماہانہ پنشن کی اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں ایک نئی روایت قائم کی ہے۔ چیف منسٹرکا عہدہ سنبھالنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے گھر گھر پہنچ کر پنشن کی تقسیم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت یکم جولائی کو انہوں نے بعض علاقوں میں پہنچ کر عوام کو راست پنشن کی رقم ادا کی تھی۔ عوام کے دلوں میں جگہ بنانے کی اس مہم میں کامیابی کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے دوسرے مرحلہ کے تحت اس پروگرام پر عمل آوری کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یکم اگسٹ کو چندرا بابو نائیڈو مڈاکاسرا اسمبلی حلقہ میں استفادہ کنندگان سے ان کے گھر پہنچ کر ملاقات کرتے ہوئے ماہانہ پنشن کی رقم حوالے کریں گے۔ چندرا بابو نائیڈو کے دورہ کے پیش نظر وسیع تر بندوبست کیا جارہا ہے۔ عوامی نمائندوں کی جانب سے جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے نہ صرف ماہانہ پنشن کی رقم میں اضافہ کیا ہے بلکہ گھر گھر پہنچ کر تقسیم کیلئے عوامی نمائندوں کو پابند بنایا ہے۔1