چندرا بابو نائیڈو 10 سال تک چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہیں: پون کلیان

   

حیدرآباد۔/20 نومبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے مزید 10 برسوں تک انہیں چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہنا چاہیئے۔ اسمبلی اجلاس کے دوران پون کلیان نے کہا کہ تلگودیشم، بی جے پی اور جنا سینا اتحاد کی حکومت کو برسراقتدار آئے 150 دن مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اس مختصر مدت میں چندرا بابو نائیڈو کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کی بھرپور تعریف اور ستائش کی اور کہا کہ پانچ سال نہیں بلکہ مزید دس سال تک چندرا بابو نائیڈو کو چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی دوراندیشی اور ان کا ویژن قابل ستائش ہے اور ہم چندرا بابو نائیڈو سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان کے ساتھ ویژن کی تکمیل کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں وہ کام کریں گے۔ چندرا بابو نائیڈو کو موجودہ ترقیاتی سرگرمیوں میں پیشرفت کو جاری رکھنا چاہیئے۔ پون کلیان نے کہا کہ پانچ برسوں میں آندھرا پردیش کی معیشت ایک ٹریلین تک پہنچ جائے گی اور انہیں چندرا بابو نائیڈو کی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے۔ 1
انہوں نے کہا کہ سابق وائی ایس آر کانگریس حکومت سے کئی منفی امور وراثت میں ملے ہیں جن میں بدعنوانیاں، گانجہ کا فروغ، ریپ اسکام، آروگیہ شری میں رقومات کی عدم ادائیگی، شراب اسکام اور دیگر اسکام شامل ہیں۔1