پلے کارڈس کے ساتھ داخلہ کی عدم اجازت ، صدر تلگو دیشم کو تلخ تجربہ
وجئے واڑہ ۔ 9 ۔ دسمبر : ( این ایس ایس ) : تلگو دیشم پارٹی کے قومی صدر اور سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش نارا چندرا بابو نائیڈو کو آج اسمبلی سیشن کے پہلے دن ایک تلخ تجربہ ہوا ۔ اسمبلی عمارت پر متعین مقامی پولیس نے نائیڈو کو اسمبلی گیٹس پر روک دیا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی کیوں کہ وہ پیاز کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے ریاستی حکومت سے اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک احتجاجی ریالی کے ساتھ آرہے تھے ۔ پارٹی کے ارکان اسمبلی کے ہمراہ مسٹر نائیڈو نے پلے کارڈس کے ساتھ مین گیٹ سے اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔ پولیس نے چندرا بابو نائیڈو سے صاف طور پر کہا کہ وہ اسمبلی کے ارکان کو پلے کارڈس کے ساتھ اسمبلی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے اور ان سے کہا کہ وہ اسمبلی کے اندر داخل ہونے کے لیے پلے کارڈس گیٹ پر چھوڑ دیں ۔ اس پر پارٹی کے ارکان اسمبلی برہم ہوگئے اور اس کی وجہ پولیس کے ساتھ ان کی سخت بحث ہوئی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ریاست میں پیاز کی قیمتیں سونے کی قیمت کا مقابلہ کررہی ہیں ۔ انہوں نے یہ بتانے کے لیے ایک وزن کرنے والی مشین کا استعمال کیا کہ دونوں اشیاء کی شرحیں وہی ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت پیاز کی قیمتوں کو باقاعدہ بنانے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔۔