چندرا بابو کو اے پی ہائی کورٹ سے عبوری راحت

   

سی آئی ڈی کارروائی پر حکم التوا، امراوتی اراضی معاملہ پر فیصلہ
حیدرآباد۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے امراوتی اراضی معاملہ میں سابق چیف منسٹر اور تلگو دیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو اور سابق وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا کو راحت دی ہے۔ سی آئی ڈی نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے نوٹس جاری کی گئی تھی اور تحقیقات کیلئے عہدیداروں کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے دونوں کے خلاف سی آئی ڈی کے ایف آئی آر پر عبوری حکم التوا جاری کیا ہے۔ سی آئی ڈی نے ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے تحت چندرا بابو نائیڈو اور نارائنا کے خلاف وائی ایس آر کانگریس رکن اسمبلی اے رام کرشنا ریڈی کی شکایت پر ایف آئی آر درج کیا۔ شکایت میں کہا گیا کہ تلگودیشم حامیوں سے غیر معمولی رعایت اور غریب کسانوں سے ناانصافی ہوئی ۔ سینئر وکیل سدھارتھ نے عدالت کو بتایا کہ جی او 41 جس کے تحت مقدمہ درج کیا گیاوہ معاوضہ کی ادائیگی کے بارے میں جاری کردہ پہلے جی او کی وضاحت کے طور پر جاری کیا گیا تھا۔ جسٹس رائے نے جرم کا ثبوت نہ ہونے کی بات کہی اور عبوری حکم التواء جاری کردیا۔ عدالت نے اندرون 4 ہفتے حکومت کو حلفنامہ داخل کرنے ہدایت دی۔