چندرا بابو کی رہائش گاہ سے متصل تعمیر کردہ ’ پرجاویدیکا ‘ عمارت کو منہدم کرنے کی ہدایت

   

عمارت کی غیر قانونی تعمیر کا اظہار ، عوام میں تشویش کی لہر ، چیف منسٹر اے پی جگن کا کلکٹرس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : آندھرا پردیش راجدھانی میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگو دیشم پارٹی کے مابین ’ پرجاویدیکا ‘ کے مسئلہ پر پائے جانے والے سیاسی تنازعہ پر ڈسٹرکٹ کلکٹرس کانفرنس سے خطاب کے دوران چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سنسنی خیز و سخت ریمارکس کیے اور کہا کہ ’ پرجاویدیکا ‘ عمارت میں یہ اجلاس آخری ہوگا ۔ چیف منسٹر نے پر زور الفاظ میں کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کے ذریعہ کی جانے والی تعمیرات کا انہدام پرجاویدیکا کی عمارت سے ہی آغاز ہوگا ۔ چیف منسٹر نے کانفرنس میں واضح طور پر اپنے ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے 26 جون کے دن پرجا ویدیکا کی عمارت کو مکمل طور پر منہدم کردینے کا متعلقہ عہدیداروں کو حکم دیا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یہ عمارت سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی قیام گاہ سے متصل ہے ۔ لہذا 25 جون کو ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ منعقد ہونے والے اجلاس کا اختتام عمل میں آنے کے ساتھ ہی قوانین کی خلاف ورزی کے ذریعہ کی گئی تعمیرات کو منہدم کردئیے جانے کا مسٹر جگن موہن ریڈی نے اعلان کیا ۔ اور کہا کہ یہ عمارت بالکلیہ طور پر غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ ہے ۔ لہذا اس کو سب سے پہلے منہدم کردیا جانا چاہئے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ پرجاویدیکا عمارت کو منہدم کردینے چیف منسٹر کے حکم کی وجہ سے صورتحال کشیدہ ہوچکی ہے ۔ پرجاویدیکا میں جہاں آج ضلع کلکٹرس کانفرنس جاری ہے وہیں اس سے متصل چندرا بابو نائیڈو کی قیام گاہ میں تلگو دیشم پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا ہے ۔ جس کی وجہ سے پرجاویدیکا کے مقام پر پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا ۔ جب کہ اس عمارت کو 26 جون کو منہدم کردینے کی اطلاعات اب ریاست اے پی کی راجدھانی میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔ جب کہ بتایا جاتا ہے کہ پرجاویدیکا عمارت کو سابق چیف منسٹر کے لیے مختص کرنے کی خواہش کرتے ہوئے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی حکومت کو اپنا ایک مکتوب تحریر کیا تھا ۔ جس کے پیش نظر ہی انتقامی رویہ اختیار کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے انہیں مختص کرنے کے بجائے اس عمارت کو مکمل طور پر منہدم کردینے کا فیصلہ کرنے کی اطلاعات ہیں ۔۔