چندرا بابو کی نفسیات پر شکست کا خوف : سرینواس یادو

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : ریاستی وزیر افزائش مویشیاں و حیوانات ٹی سرینواس یادو نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس کو لوک سبھا کی 16 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی اور کہا کہ تلنگانہ کے عوام پورے جوش و خروش کے ساتھ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ تھے وہ گلابی پرچم والی اس جماعت کو اپنی گھریلو تنظیم تصور کرتے ہیں ۔ سرینواس یادو نے تلنگانہ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کی اور انتخابات کے دوران ڈرامہ بازی کرنے کا الزام عائد کیا ۔ سرینواس یادو نے خیال ظاہر کیا کہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر اور تلگو دیشم پارٹی کے صدر کے اعصاب پر شکست کا خوف طاری ہے اور وہ اپنے آخری دن گن رہے ہیں ۔ ان ( چندرا بابو ) کے بیٹے اور اے پی کے وزیر لوکیش بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے حلقہ منگل گیری میں خوب ڈرامہ بازی کی تھی ۔ ٹی سرینواس یادو نے نائیڈو کے دورہ دہلی اور الیکشن کمشنر سے ملاقات کو انتخابی شکست کے خوف سے تعبیر کیا ۔۔