چندرپور میں بی جے پی کی حمایت پر سنجے راوت کا انتباہ

   

ممبئی ، 13 فروری (یو این آئی) ممبئی میں شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے ) کے رکن پارلیمان سنجے راوت نے کہا ہے کہ چندرپور میئر انتخاب میں کانگریس کے بجائے بی جے پی امیدوار کی حمایت کرنے والے کارپوریٹرس اور عہدیداران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔چندرپور کے میئر انتخابات میں ٹھاکرے دھڑے کے مقامی لیڈران نے آخری وقت میں بی جے پی کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ کانگریس کے مقامی عہدیداران کے ساتھ مسلسل رابطے کے باوجود انہیں توہین آمیز سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے نتیجے میں بی جے پی کی سنگیتا کھانڈیکر میئر منتخب ہوئیں جبکہ شیو سینا (یو بی ٹی) کے پرشانت دانوے نائب میئر بنے ۔ بی جے پی نے مبینہ طور پر اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین کا عہدہ بھی ٹھاکرے دھڑے کو دینے کی پیشکش کی ہے ۔سنجے راوت نے واضح کیا کہ چندرپور میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ مقامی سطح پر لیا گیا اور اسے پارٹی قیادت کی منظوری حاصل نہیں تھی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ اقدام ذاتی مفاد کے تحت کیا گیا تو سخت کارروائی ہوگی۔ اسی دوران مہاراشٹرا نو نرمان سینا کے لیڈر سندیپ دیشپانڈے نے الزام لگایا کہ چندرپور میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے کارپوریٹرس کو بی جے پی کی حمایت کیلئے ایک ایک کروڑ روپے دیے گئے ۔ راوت نے اس الزام کو طنزیہ انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیا دعویٰ کرنے والے وہاں رقم گننے موجود تھے اور کیا انہوں نے 20 فی صد کمیشن بھی لیا تھا؟