سمجھداری سے کیریئر کا انتخاب کرنے طلبہ کو مشورہ: اسرو سربراہ
نئی دہلی ۔ 2 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے سربراہ کے شیون نے کہا کہ چندریان۔2 ہندوستان کی کوششوں کا سلسلہ ختم ہونے کی کہانی نہیں ہے بلکہ چاند کی سطح سے معلومات کے حصول کیلئے اسرو کی جانب سے مستقبل قریب میں ایک اور ’’سافٹ لینڈنگ‘‘ کی کوشش کی جائے گی ۔ شیون نے آئی آئی ٹی دہلی کے گولڈن جوبلی جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ مہینوں میں کئی اڈوانس سیٹلائٹس کی لانچنگ کا منصوبہ ہے ۔ اسرو کے سربراہ نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ ا پنے کیریئر کا انتخاب سمجھداری سے کریں۔ زندگی ایک اور کیریئر کے بے شمار مواقع ہیں۔ لہذا کیریئر کے انتخاب میں اپنے جذبہ اور اپنی فطری صلاحیتوں کو پہنچاننے کی ضرورت ہے۔ کیریئر کا انتخاب اپنی خوشی کیلئے بھی کریں ۔ انہوںنے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ انتہائی مسابقتی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں اور ہنرمندی کے ذریعہ کامیابی حاصل کریں۔ کامیاب کیریئر کیلئے دانشور، ٹاپر یا بہترین درجات کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وقت ضائع کرنے والی سرگرمیوں کو ختم کرنا ضروری ہے۔