چندریان ۔3 کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل

   

نئی دہلی : ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) نے ہفتہ (5 اگست) کو کہا کہ چندریان -3 کامیابی کے ساتھ چاند کے مدار میں داخل ہوگیا ہے۔اسرو نے جمعہ (4 اگست) کو بتایا تھا کہ خلائی جہاز کو چاند کے مدار میں رکھنے کا عمل 5 اگست کو شام 7 بجے کے قریب مکمل ہو جائے گا۔اسرو نے جمعہ کو کہا کہ چندریان 3 خلائی جہاز نے 14 جولائی کو لانچ ہونے کے بعد سے چاند کا تقریباً دو تہائی فاصلہ طے کر لیا ہے۔ اب تک چندریان 3 نے مدار میں اضافہ کا عمل پانچ بار کامیابی سے مکمل کیا ہے۔یکم اگست کو خلائی جہاز کو زمین کے مدار سے چاند کی طرف اٹھانے کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا اور گاڑی کو ٹرانسلونر مدار میں ڈال دیا گیا۔ اس سے قبل اسرو نے کہا تھا کہ وہ 23 اگست کو چاند کی سطح پر چندریان۔3 کی سافٹ لینڈنگ کرنے کی کوشش کرے گا۔