حیدرآباد ،21جولائی(یواین آئی) ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی (اسرو)نے چندریان 2کا مشاہدہ کرنے کی سہولت پہنچاتے ہوئے ایک بڑی گیلری بنائی ہے ۔چندریان مشن کو چھوڑنے کے مقام کے حدود میں سبری گریجن کالونی میں تقریبا 60ایکڑ کی جنگلاتی اراضی پر یہ گیلری بنائی گئی ہے جس میں تقریبا پانچ ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔یہ افراد اس بڑی راکٹ کو چھوڑنے کا مشاہدہ کریں گے ۔اس ماہ کی 15تاریخ کو چندریان مشن 2میں تکنیکی خرابی کے سبب اس کی لانچنگ کو ملتوی کردیاگیا تھا جس کے سبب اس کا مشاہدہ کرنے کے لئے آئے افراد میں مایوسی دیکھی گئی تھی۔قبل ازیں آن لائن ناموں کا اندراج کروانے والوں کو سیئرئل نمبر کے لحاظ سے پاسس جاری کئے گئے ہیں جو اس راکٹ کو چھوڑنے کامشاہدہ کریں گے ۔