نئی دہلی 22 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چندریان 2 کے بعد اب اسرو کی جانب سے سورج کیلئے مشن آدتیہ کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سال 2020 کے پہلے نصف میں سورج کا جائزہ لینے کی کوشش کی جائیگی ۔ خلائی تحقیق کے ادارہ نے یہ بات بتائی ۔ آدتیہ ۔ I I سورج کے کورونا کا جائزہ لینے کیلئے ہے جو سورج کی بیرونی پرت ہے ۔ یہ سورج سے ہزاروں کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ اسرو نے اپنی ویب سائیٹ پر کہا کہ یہ ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے کہ یہ جو بیرونی پرت ہے وہ اتنی زیادہ گرم کس طرح ہوجاتی ہے ۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے آج ہی چاند کیلئے اپنی مہم کو کامیابی سے روانہ کیا ہے ۔ اس مہم کو سری ہری کوٹہ سے روانہ کیا گیا تھا ۔ اس مشن کی کامیابی کے بعد اب خلائی تحقیق کے ادارہ اسرو کی جانب سے سورج کیلئے مشن روانہ کرنے کے امکانات پر بھی غور شروع کیا جاچکا ہے۔