چندریان2کے ذریعہ مدار کو اٹھانے کی پانچویں مہم

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد،6اگست (سیاست ڈاٹ کام) چندریان 2 خلائی جہاز جس کو 22جولائی کو جی ایس ایل وی۔ایم کے تری۔ایم ون کے ذریعہ چھوڑا گیا تھا کے ذریعہ مدار کو اٹھانے کی پانچویں مہم منگل کی دوپہر انجام دی گئی۔اس خصوص میں اسرو نے ٹوئیٹ کرکے کہا کہ چندریان 2خلائی جہاز کے ذریعہ مدار کو اٹھانے کی مہم آج 15.04بجے آن بورڈ پروپلژن سسٹم کا استعمال کرکے انجام دی گئی۔تمام عوامل معمول کے مطابق ہیں۔ٹرانس لونار انسرشن کی اگلی مہم 14اگست کو 03.00تا 04.00بجے انجام دی جائے گی۔مدار کو اٹھانے کی پہلی مہم 24جولائی کو انجام دی گئی تھی اور خلائی گاڑی کومدار کے 230 X 45163 کیلومیٹر تک پہنچایا گیا تھا۔ دوسری مہم 26جولائی،تیسری مہم 29جولائی اور چوتھی مہم 2اگست کو انجام دی گئی تھی ۔ چندریان 2کو چھوڑنے کے 16منٹ بعد وہ مدار کے 170 x 45,475کیلومیٹر تک جاپہنچا تھا۔ اس کو چھوڑے جانے کے بعد کی اہم سرگرمی میں زمین سے متعلق مہم اور پانچوں و حتمی مہم آج مکمل کرلی گئی۔اس کے بعد ٹرانس لونار انسرشن، چاند سے معتلق مہم، وکرم کی علحدگی اور وکرم کو نیچے اتارنے کا کام انجام دیاجائیگا۔ 14جولائی کو ٹرانس لونار انسرشن کے بعد چندریان 2کو چاند کی سطح پر بھیج دیاجائیگا۔یہ خلائی گاڑی شیڈول کے مطابق 20اگست کو چاند پر جانے والی ہے ۔اس کو کامیابی سے چھوڑنے کے بعد چندریان 2جس میں آربیٹر، لینڈر (وکرم)اور روور (پرگیان)شامل ہیں نے چاند کے جنوبی قطب میں سافٹ لینڈنگ کیلئے 3.844لاکھ کیلو میٹر کے سفر کا آغاز کردیا تھا۔3,850کیلو وزنی چندریان 2میں 13ہندوستانی پے لوڈس ہیں۔قبل ازیں چاند کے جنوبی قطب علاقہ میں پہنچنے کی کئی کوششوں میں تکنیکی دشواری پیش آئی تھے ۔چندریان 2ایسا پہلا خلائی جہاز ہے جو چاند کی اس سطح پر ترنگا لہرائے گا۔