اتوار20اگست کودوسرا ڈی بوسٹنگ آپریشن‘ اسرو کا بیان
نئی دہلی : چندریان-3 کے لینڈر ماڈیول کا ’ڈی بوسٹنگ‘ عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔ اسرو کا مشن چاند کے قریب پہنچ گیا ہے۔ اسرو نے تازہ ترین اپ ڈیٹ میں بتایا کہ لینڈر ماڈیول (ایل ایم) کی صحت نارمل ہے۔ ایل ایم نے ڈی بوسٹنگ آپریشن کو کامیابی سے انجام دیا گیا۔ اس سے اس کا مدار 113 کلومیٹر x 157 کلومیٹر رہ گیا۔ دوسرا ڈی بوسٹنگ آپریشن 20 اگست 2023 کو تقریباً 2.00 بجے دن پر طے کیا گیا ہے۔یہ بڑا قدم 23 اگست کو چاند کی سطح پر طے شدہ لینڈنگ کے لیے خلائی جہاز کی حتمی تیاریوں کا حصہ ہے۔ڈیبوسٹنگ میں خلائی جہاز کی رفتار کو کم کرکے اسے سست کرنا شامل ہے جو کہ ایک مستحکم مدار کے حصول کیلئے ایک ضروری عمل ہے۔ اس آپریشن کے بعد وکرم لینڈر چاند کے گرد قدرے کم مدار میں داخل ہوگا۔ یہ عمل لینڈر کو چاند کی سطح پر آخری لینڈنگ کے لیے تیار کرے گا۔ وکرم لینڈر کا نام ہندوستانی خلائی پروگرام کے موجد وکرم سارا بھائی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ڈی بوسٹنگ آپریشن کامیاب آپریشنز کی ایک سیریز کا حصہ ہے جو 14 جولائی کو چندریان-3 کے لانچ کے بعد سے جاری ہے۔ چندریان 3 نے پہلی بار زمین کے پانچ چکر مکمل کئے، اس کے بعد یکم اگست کو ٹرانس لونر انجکشن لگایا گیا۔ جس نے اسے چاند کی طرف ایک راستے پر بھیج دیا۔چندریان 3 پانچ اگست کو کامیابی کے ساتھ چاند کے مدار میں داخل ہوا۔ وکرم لینڈر اور پرگیان روور جمعرات کو پروپلشن ماڈیول سے کامیابی کے ساتھ الگ ہوگئے۔ پروپلشن ماڈیول موجودہ مدار میں مہینوں یا سالوں تک اپنا سفر جاری رکھے گا، جب کہ لینڈر چاند پر آخری لینڈنگ کے لیے تیاری کر رہا ہے۔وکرم لینڈر کی ڈی بوسٹنگ مکمل ہونے کے بعد، اسے چاند کے قریبی مدار میں رکھنے کے لیے کارروائیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اس مدار میں، چاند کا قریب ترین نقطہ Perilune 30 کلومیٹر ہے اور چاند سے سب سے دور نقطہ اپولون 100 کلومیٹر ہے۔ یہ آپریشن لینڈنگ کے سب سے اہم حصے کیلئے مرحلہ طے کرتا ہے، جو 30 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔ اس میں لینڈنگ کی اونچائی سے آخری لینڈنگ تک لینڈر کی رفتار کو کم کرنا شامل ہے۔ اس مشن کی کامیابی سے دنیا میں خلائی تحقیق کے میدان میں ہندوستان کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔