چندر شیکھر آزاد کی تائید میں جنتر منتر پر احتجاجی دھرنا

   

بی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کی شرکت، ملک میں دلتوں پر مظالم کی مذمت
حیدرآباد ۔21۔ جولائی (سیاست نیوز) نئی دہلی میں بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد پر حال ہی میں فائرنگ کے واقعہ کے خلاف جنتر منتر پر دھرنے کا اہتمام کیا گیا جس میں بی آر ایس رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے اظہار یگانگت کیا ۔ بی آر ایس کے دیگر ارکان پارلیمنٹ بھی احتجاج میں شامل ہوئے اور ملک میں دلتوں کے خلاف مظالم کی مذمت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پربھاکر ریڈی نے کہا کہ اترپردیش میں چندر شیکھر آزاد پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا لیکن آج تک حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ اترپردیش کی ڈبل انجن سرکار دلتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ پربھاکر ریڈی نے بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد کو مناسب سیکوریٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں دلتوں اور خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوچکاہے۔ اعلیٰ طبقات کی جانب سے دلتوں کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔ منی پور میں قبائل پر مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے پربھاکر ریڈی نے کہا کہ مظالم کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم نے رسمی انداز میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش کی یوگی ادتیہ ناتھ حکومت دلتوں اور کمزور طبقات پر مظالم کو روکنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت نے دلتوں اور قبائل کیلئے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اگر چندر شیکھر آزاد کو کچھ ہوتا ہے تو اس کے لئے نریندر مودی اور یوگی ادتیہ ناتھ ذمہ دار ہوں گے ۔ر