چندر شیکھر راؤ، ملک میں انقلابی تبدیلی لاسکتے ہیں

   


مرکز کی بی جے پی حکومت سرمایہ داروں کی کٹھ پتلی، ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کا سیاست کو انٹرویو

نرمل ۔ 11 ستمبر (جلیل ازہر) ملک کے سیاسی نظام میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت انقامی سیاست اور عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعہ ملک کو تباہی کی سمت لے جارہی ہے۔ ایسے حالات میں ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی قومی سیاست میں شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نے نمائندہ سیاست سید جلیل ازہر کو اپنی رہائش گاہ پر ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج فرقہ پرست طاقتیں ان کے کارناموں سے خوف زدہ ہیں۔ ملک کی سالمیت کو خطرہ پہنچانے اور ذات پات کے بھید بھاؤ کے علاوہ سرمایہ داروں کی پشت پناہی کرنے والی حکومت کا مقابلہ کرنے کی تمام تر صلاحیتوں کے مالک کے چندر شیکھر راؤ جن کو اردو، تلگو، انگلش جیسی زبانوں پر عبور حاصل ہے اور ملک میں انقلابی تبدیلی لاسکتے ہیں ایسے قائد کی آج سارے ملک کو ضرورت ہے۔ قومی سیاست میں انتہائی اہم کردارادا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، یہی سبب ہے کہ قومی جماعت کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج مرکزی حکومت صرف اور صرف سرمایہ داروں کی کٹھ پتلی بن گئی ہے اور تلنگانہ کی ترقی میں کئی ایک رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ تلنگانہ کے انداز کارکردگی سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے ہٹ کر راج بھون کو سیاسی بھون کی طرف لے جارہے ہیں۔ اگر اپنے انداز کارکردگی کے طریقہ کار میں تبدیلی نہیں ہوئی تو گورنر کا حال این ٹی آر کے دور میں جو رام لعل کا ہوا تھا وہی ان کا بھی ہوگا کیونکہ اس دور حکومت میں رام لعل نے اس طرح کی سیاست کی تھی جن کو عوام کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وزیر موصوف نے واضح انداز میں کہا کہ ملک میں سیاسی نظام کو تبدیل کرنے کے لئے ریاستی وزیر اعلیٰ اہم کردار نبھاسکتے ہیں۔ آج ملک کی دیگر ریاستوں کے کسان برادری بھی وزیر اعلیٰ کو ملک کی قومی سیاست میں قدم رکھنے کی خواہش کا اظہار کررہی ہیں۔ آج ملک میں اگر کوئی غریب بینک کا قرض ادا نہیں کرسکتا تو اس کا گھر نیلام کردیا جاتا ہے، جائیداد کو فروخت کردیا جاتا ہے۔ سرمایہ داروں کے قرض کی پابجائی کے لئے حکومت اور وزیر اعظم کی خاموشی معنی خیز ہے۔ ایسے حالات میں آج مرکزی حکومت کے طرز عمل کو دیکھتے ہوئے عوام چندرا شیکھر راؤ وزیر اعلیٰ کی قومی سیاست میں آمد کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہی ہے۔ اس موقع پر سینئر ٹی آر ایس قائد رام کشن ریڈی بھی موجود تھے۔