نئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے اتوار کو کہا کہ پونے میں ان کے بھتیجے اور مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ ان کی ملاقات خفیہ نہیں تھی۔ انہوں نے اس دوران اس بات پر بھی زور دے کر کہا کہ وہ کبھی بھی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائیں گے، حالانکہ کچھ خیر خواہ مجھے منانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مہاراشٹر کے سولاپور ضلع کے سنگولا میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ این سی پی کے قومی صدر کے طور پر میں یہ واضح کر رہا ہوں کہ میری پارٹی (این سی پی) بی جے پی کے ساتھ نہیں جائے گی کیونکہ بی جے پی کے ساتھ کوئی بھی تعلق این سی پی کی سیاسی پالیسی کے مطابق نہیں ہے۔ حلانکہ پوار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کچھ خیرخواہ انہیں منانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ کبھی بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے۔