واشنگٹن : ڈونالڈ ٹرمپ کو گزشتہ سال امریکی صدر جو بائیڈن نے بیلٹ باکس پر شکست دی تھی ، لیکن سابق صدر کو یقین ہے کہ اگر دونوں کی باکسنگ ہوئی تو وہ اپنے سیاسی حریف جوبائیڈن کو شکست دے دیں گے۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن ایوانڈر ہولی فیلڈ اور سابق یو ایف سی لائٹ ہیوی ویٹ چمپئن ویٹر بیلفورٹ کے درمیان مقابلے سے قبل ایک پریس کانفرنس میں ڈونالڈ ٹرمپ سے پوچھا گیاکہ اگر آپ کو کسی سے باکسنگ کرنا پڑے تو کون ہوگا اور آپ کیسے لڑیں گے؟ٹرمپ نے جواب دیاکہ میں کسی پیشہ ور باکسر کو نہیں چنوں گا کیونکہ پیشہ ور باکسر کے سامنے میرا کچھ زور نہیں چلے گا۔ تاہم مجھے اس کے بجائے اگر کسی اور کو چننا پڑے تو مجھے لگتا ہے کہ شاید میری سب سے آسان لڑائی جو بائیڈن سے ہوگی۔ مجھے یقین ہے کہ میں بہت جلد اْسے ناک آؤٹ کردوں گا اور رِنگ سے باہر کردوں گا۔ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایسا وقت آتا تو وہ(جوبائیڈن) بڑی مشکل میں پڑ جائے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ بائیڈن چند سکنڈمیں میدان سے باہر ہوجائے گا۔