چنمیانند کیس : یو پی کی لاپتہ طالبہ راجستھان میں دستیاب

   

لکھنو 30 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کی ایک قانون کی طالبہ جس نے سابق مرکزی وزیر و بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا راجستھان میں دستیاب ہوگئی ہے ۔ یہ لڑکی ایک ویڈیو میں چنمیانند پر الزام عائد کرنے کے بعد لاپتہ ہوگئی تھی ۔ پولیس نے کہا کہ اس لڑکا کا آج صبح پتہ چلالیا گیا ہے ۔ یہ لڑکی 24 اگسٹ سے شاہجہاں پور سے غائب ہوگئی تھی ۔ ریاست کے ڈی جی پی نے بتایا کہ گذشتہ چار پانچ دن سے ہم نے اس کی نقل و حرکت کا پتہ چلانے کی کوشش کی ۔ کئی ٹیموں کو تشکیل دیا تھا جو راجستھان میں کام کر رہے تھے ۔ ہریانہ ‘ یو پی اور دہلی میں بھی کوششیں کی گئیں۔ ان کے کال ریکارڈز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکی سے بیان لینے اسے یہاں لایا جائیگا ۔ اس کے علاوہ تفصیلات معلوم کرتے ہوئے سازشیوں کو گرفتار کیا جائیگا ۔ علاوہ ازیں دہلی میں سپریم کورٹ نے اس مسئلہ کی سماعت کرتے ہوئے یو پی حکومت کو ہدایت دی کہ لڑکی کو آج شام تک ہی عدالت میں پیش کیا جائے جہاں اس کا بیان قلمبند کیا جائیگا۔