چنچلگوڑہ جیل کے روبرو پٹرول پمپ کیلئے کھدوائی میں قبور دستیاب

,

   

محکمہ جیل سے پٹرول پمپ کی تعمیر پر عوام کا اعتراض۔ وقف بورڈ ٹیم نے دورہ کیا
حیدرآباد۔ چنچلگوڑہ علاقہ میں آج شام اس وقت ہلکی کشیدگی پیدا ہوگئی جب مقامی عوام نے تلنگانہ محکمہ جیل کی جانب سے ایک پٹرول پمپ کی تعمیر کے کام پر اعتراض کیا ۔ یہاں محکمہ جیل کی جانب سے گذشتہ ایک ماہ سے کھدوائی کا کام کیا جا رہا ہے ۔ یہ کھدوائی مسلم قبرستان سلطان دائرہ سے متصل کھلی اراضی پر چل رہی تھی ۔ ہفتے کی شام کھدوائی کے دوران مقامی افراد کو کچھ انسانی ڈھانچے اور ہڈیاں وغیرہ موجود رہنے کا پتہ چلا ۔ علاقہ میں اس اطلاع کے پھیلتے ہی درجنوں افراد وہاں جمع ہوگئے اور پٹرول پمپ کی تعمیر کیلئے جاری کاموں پر شدید اعتراض کیا ۔ مقامی افراد کا دعوی ہے کہ یہ اراضی قبرستان کی ہے اور پٹرول پمپ اس جگہ پر تعمیر نہیں کیا جاسکتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپ کی وجہ سے قریبی رہائشی علاقہ کو بھی خطرہ درپیش ہوسکتا ہے ۔ عوام کی کثیر تعداد میں یہاں آمدک و دیکھتے ہوئے مادنا پیٹ پولیس کی جمیعت وہاں پہونچ گئی اور پٹرول موبائیل ویانس کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ اس مقام پر ایک پولیس پکٹ بھی متعین کردیا گیا ہے ۔ اس دوران تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کی ایک ٹیم نے وہاں پہونچ کر پنچ نامہ کیا ۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ ابتدائی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ اراضی وقف بورڈ کی ہے اور اس سلسلہ میں ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ریکارڈ کے مشاہدہ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی ۔