چنچلگوڑہ جیل کے 28 قیدیوں کو رہائی کا انتظار

   

جیل حکام کی رپورٹ کے باوجود گورنر کا فیصلہ باقی
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) یوم آزادی کے موقع پر گذشتہ سال چنچلگوڑہ جیل میں محروس 28 قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن یوم جمہوریہ گذرنے کے باوجود قیدیوں کو رہائی کا انتظار ہے۔ تلنگانہ حکومت نے گذشتہ سال 15 اگسٹ سے قبل 75 قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا تھا جنہوں نے عمر قید کی سزا مکمل کرلی ہے ان میں سے 28 قیدیوں میں 17 خواتین شامل ہیں، ان کی رہائی کیلئے تاحال احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ جن قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا گیا انہیں 10 سال قید کی سزا مکمل کرنی ہوگی اور چار سال کی معافی دی جائے گی۔بتایا جاتا ہے کہ خاتون قیدیوں نے 6 سال کی سزا مکمل کی ہے۔ گذشتہ کئی دنوں سے قیدیوں کی رہائی کیلئے ان کے گھر والے اور رشتہ دار جیل کے باہر انتظار کررہے ہیں۔14 اگسٹ کو چندراماں نامی قیدی کے رشتہ داروں کو دوسرے دن رہائی کی اطلاع دی گئی اور وہ جیل پہنچے لیکن تین دن تک انتظار کے بعد انہیں مایوس اپنے ضلع نلگنڈہ واپس ہونا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام قیدیوں کا غریب خاندانوں سے تعلق ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 28 قیدیوں کے بارے میں حکومت کو رپورٹ پیش کی گئی ہے کہ وہ سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہیں۔ محکمہ داخلہ کی اعلیٰ اختیاری کمیٹی ناموں کو قطعیت دینے کے بعد گورنر کی منظوری کیلئے روانہ کرتی ہے۔ر