حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) کورونا کی تیسری لہر کے قہر سے جیل حکام نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور سخت ترین حفاظتی و احتیاطی اقدامات کو اہمیت دیتے ہوئے پہلے پہل ملاقاتوں پر تحدیدات عائد کردی گئی ہیں۔ چنچل گوڑہ اور چرلہ پلی جیل کے علاوہ ریاست تلنگانہ کی تمام جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور کل جمعہ سے ان احکامات پر سختی کے ساتھ عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انتہائی ضروری مقدمات میں وکلاء اور افراد خاندان سے بات چیت کیلئے ہفتہ میں 4 مرتبہ بذریعہ فون 10 منٹ بات کرنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ ان تازہ تحدیدات کے سبب کسی بھی شہری کو جیل کے احاطہ میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ریمانڈ قیدیوں کو پولیس تحویل میں منتقل کرتے وقت انہیں پی پی ای کٹ کے ذریعہ منتقل کیا جارہا ہے۔ جس کے بعد جیل واپسی اور تحویل ختم ہونے کے بعد جیل میں 14 دن کے کورنٹائن میں رکھا جارہا ہے جبکہ کورونا کی ٹسٹ رپورٹ کے بعد ہی نئے قیدیوں کو جیل میں اجازت دی جارہی ہے۔ ع