اسلامک اسکالر علامہ مفتی سلمان ازہری (ممبئی)، علامہ مفتی محمد شیان رضا ازہری (یوپی)، الحاج سعید نوری (بانی رضا اکیڈیمی)کی شرکت
حیدرآباد۔ 25 جنوری (راست) کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی عظیم الشان انتیسویں معراج النبی ؐ کانفرنس و تحفظ ناموس رسالتؐ کا انعقاد 27 جنوری بروز پیر بعد نماز عشاء بمقام گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ پر عمل میں آئے گا۔ اس کانفرنس میں مہمان مقرر کی حیثیت سے عالمی شہرت یافتہ اسلامک اسکالر، مفکر اسلام العلامہ مفتی سلمان ازہری مخاطب کریں گے۔ دوسرے مہمان مقرر شمالی ہند کے نامور عالم دین، مفکر اسلام العلامہ مفتی محمد شیان رضا قادری برکاتی رضوی ازہری ہوں گے جو کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی دعوت پر پہلی بار شہر حیدرآباد تشریف لارہے ہیں۔ الحاج سعید نوری (بانی رضا اکیڈیمی، ممبئی) کانفرنس کی قیادت پیر طریقت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی صاحب (شرفی چمن)، صدارت مولانا سید خلیل اللہ شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی، سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی، نگرانی محمد شوکت علی صوفی کریں گے۔ مہانان خصوصی کی حیثیت سے افتخار شریف صاحب (حال مقیم امریکہ)، جناب الحاج محمد نعیم صوفی، مولانا حافظ سید شاہ محمد حسینی پیر الحسینی الرضوی القادری الطاہری، مولانا محمد اخلاق اشرفی (صدر نشین ورلڈ قرآنک مشن)، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی، ڈاکٹر حیدر یمنی، ڈاکٹر مجیب شاہد، ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی (ایڈوکیٹ)، ڈاکٹر خالد غلام محی الدین قادری، ڈاکٹر سید قمر قادری، ڈاکٹر غوث قادری، جناب سید اعزاز محمد قادری (اعجاز پریس) شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قرأت سے ہوگا۔ کانفرنس میں دورِ حاضر میں اُمت مسلمہ کے لئے درپیش چیالنجس اور اس کا حل، معراج النبی ؐ قرآن و احادیث کی روشنی میں، نماز کی فضیلت اور ترک نماز کے عذابات پر مقررین کے بصیرت افروز خطابات ہوں گے۔