چنچل گوڑہ گورنمنٹ جونیر کالج اردو میڈیم میں داخلوں کو ممکن بنایا جائے

   

جاریہ سال داخلے نہ لینے پر کالج بند ہونے کا خطرہ ، اردو داں طبقہ فوری توجہ دے
حیدرآباد۔ اردو زبان ‘ کورسس ‘ کالجس کا تحفظ اردو زبان والوں کی بھی ذمہ داری ہے اور کالجس میں داخلوںکے ذریعہ اردو زبان کی ترقی و ترویج کے اقدامات کئے جانے ناگزیر ہیں۔ سرکاری کالجس بالخصوص اردو میڈیم کالجس میں اگر داخلہ نہ لیا جائے تو ایسی صورت میں نہ صرف کورسس بلکہ کالجس بھی بند ہوجائیں گے۔ گورنمنٹ جونئیر کالج چنچل گوڑہ میں انٹرمیڈیٹ اردو میڈیم کے داخلہ جاری ہیں اور داخلہ نہ ہونے کی صورت میں جاریہ سال ہی کورسس کو بند کئے جانے کا خدشہ ہے ۔ چنچل گوڑہ جونیئر کالج شہر حیدرآباد کے سرکردہ معروف جونئیر کالجس میں شمار کیا جاتا ہے جہاں کے فارغین دنیا بھر کے کئی ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن اب جونئیر کالج کی جو صورتحال ہے اسے دیکھ کر ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ اس کالج میں داخلہ حاصل کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ گورنمنٹ جونیئر کالج چنچل گوڑہ میں ایم پی سی۔ بی پی سی۔ سی ای سی کے علاوہ ایم ای سی میں نشستیں دستیاب ہیں۔ چنچل گوڑہ جونئیر کالج کے انتظامیہ نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے ان کورسس کے علاوہ کالج میں ووکیشنل کورسس اردو میڈیم میں بھی نشستیں موجود ہیں اور داخلوں کی گنجائش ہے۔ شہر حیدرآباد کے اس قدیم اردو میڈیم کالج کو بند ہونے سے بچانے کیلئے لازمی ہے کہ اس کالج میں موجود کورسس میں تعلیم کے حصول کے لئے طلبہ داخلہ حاصل کریں ۔ چنچل گوڑہ جونیئر کالج اردو میڈیم میں کورونا وائرس وباء کے پیش نظر سرکاری احکامات کے مطابق آن لائن کلاسس کا سلسلہ جاری ہے اور جو طلبہ ان کورسس میں داخلہ حاصل کریں گے ان کے لئے آن لائن کلاسس جاری رکھنے کی سہولت حاصل رہے گی اور حکومت کی جانب سے جب باضابطہ کلاسس کا آغاز کیا جائے گا تو ایسی صورت میں گورنمنٹ جونیئر کالج چنچل گوڑہ میں بھی باضابطہ کلاسس کا آغاز ہوگا ۔ پرانے شہر میں موجود اس کالج میں طلباء و طالبات داخلہ حاصل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو تابناک بناسکتے ہیں اور اردو داں طبقہ کی جانب سے کالج کے تحفظ کیلئے اردو میڈیم طلبہ کے اس جونیئر کالج میں داخلہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جانے ناگزیر ہیں۔ جناب محمد عبدالمقتدر سابق طالب علم چنچل گوڑہ جونیئر کالج جو کہ محکمہ تعلیم میں برسر خدمت ہیں نے اردو تنظیموں‘ انجمنوں کے علاوہ اردو زبان کے تحفظ کے لئے سرگرم جہد کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ گورنمنٹ جونیئر کالج چنچل گوڑہ میں اردو میڈیم طلبہ کے داخلوں کو یقینی بناتے ہوئے زبان کی ترقی و ترویج کے علاوہ کالج کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔