چوتھا ٹسٹ ڈرا کرانے انڈیا کی جدوجہد جاری، انگلینڈ کا برتر موقف

   

لندن، 27 جولائی (ایجنسیز) کپتان شبمن گل نے جاریہ ٹسٹ سیریز میں اپنی چوتھی سنچری بنائی لیکن بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ نے ہندوستان کو چوتھے ٹسٹ میں شکست دینے کیلئے آج میچ کے پانچویں و آخری دن مارننگ سیشن میں گزشتہ روز کے دونوں بیاٹرز کو آؤٹ کرتے ہوئے اچھی شروعات کی۔ اس کے بعد آل راؤنڈرز واشنگٹن سندر اور رویندرجڈیجا نے پانچویں وکٹ کیلئے صبرآزما پارٹنرشپ کے ساتھ اپنی ٹیم کو سیریز میں ناکامی سے بچانے کی جدوجہد جاری رکھی جبکہ انڈیا نے 118 اوورز میں 322/4 پر چائے کا وقفہ لیا ہے۔ واشنگٹن سندر 57 اور رویندر جڈیجا 53 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ٹیم انڈیا نے صبح میں گزشتہ روز کے 63 اوورز میں 174/2 کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا احیاء کیا۔ لگ بھگ نصف گھنٹہ لوکیش راہول اور کیپٹن گل نے انگلینڈ کو تیسری وکٹ کی رفاقت توڑنے سے روکے رکھا۔ گزشتہ روز راہول 87 اور گل 78 پر ناٹ آؤٹ تھے۔ راہول اپنے اسکور میں صرف تین رنز کا اضافہ کرپائے اور اسٹوکس کا شکار ہوئے۔ تاہم، راہول بدقسمت رہے کیونکہ وقفہ وقفہ سے گیند وکٹ پر نیچی ہورہی تھی اور ایسی ہی گیند نے اوپنر کی 300 منٹ کی اننگز کا خاتمہ کیا جس میں انھوں نے 230 گیندوں کا سامنا کیا اور آٹھ چوکے لگائے۔ گل نے 379 منٹ کریز پر گزارے اور 238 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 103 رنز 12 چوکوں کے ساتھ بنائے۔ انہوں نے 228گیندوں کا سامنا کیا۔ یہ ان کے ٹسٹ کیریئر کی سب سے سست سنچری ہے ۔ اسی کے ساتھ گل، سچن تنڈولکر کے بعد مانچسٹر میں سنچری بنانے والے دوسرے ہندوستانی بن گئے ۔ سچن نے اسی میدان پر 1990میں سنچری بناتے ہوئے میچ ڈرا کرایا تھا۔ گل کو جوفرا آرچر کی گیند پر وکٹ کیپر جیمی اسمتھ نے کیچ کیا۔ گل نے سیریز میں 700 رنز مکمل کئے اور اس معاملے وہ گریٹ سنیل گواسکر اور اپنے جونیئر ساتھی یشسوی جیسوال کے مختصر کلب میں شامل ہوگئے ہیں۔ گل لنچ سے چند منٹ قبل آؤٹ ہوئے۔ چنانچہ جڈیجا کو چند گیندوں کیلئے میدان سنبھالنا پڑا۔ ٹیم انڈیا نے 223/4 پر لنچ کیا جس میں سندر 21 اور جڈیجا 0 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ درمیانی سیشن میں سندر اور جڈیجا نے پارٹنرشپ جاری رکھی اور دوسری نئی گیند پر جو لنچ تک 9 اوورز پرانی ہوچکی تھی، بہتر رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ آگے بڑھائی۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 358 اسکور کئے جس کے جواب میں انگلینڈ نے شاندار 669 بنائے۔ سندر اور جڈیجا کے درمیان 100 رنز کی غیرمختتم رفاقت نے ہندوستان کو 11 رنز کی سبقت دلائی۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹیم انڈیا آل آؤٹ ہوجائے تو مجموعی 153 اوورز میں سے اننگز کی تبدیلی کیلئے دو اوورز گھٹائے جائیں گے اور انگلینڈ کو محدود وقت میں ٹارگٹ حاصل کرنا ہوگا۔