راشٹریہ لوک دل کے بانی کے انتقال پر صدر ، نائب صدر ، وزیراعظم اور دیگر مرکزی وزراء کا اظہار تعزیت
نئی دہلی : راشٹریہ لوک دل کے بانی اور سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کا جمعرات کی صبح کورونا انفیکشن کے سبب انتقال ہوگیا ۔ وہ 82 سال کے تھے ۔چودھری اجیت سنگھ کے بیٹے اور سابق رکن پارلیمان جینت چودھری نے ایک ٹویٹ میں یہ اطلاع دی۔چودھری اجیت سنگھ کورونا انفیکشن سے متاثر تھے ۔ انہیں 20 اپریل کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔ وہ ہریانہ میں گوروگرام کے ایک پرائیوٹ اسپتال کے آئی سی یو میں تھے ۔ انہیں پھیپھڑوں کا انفیکشن تھا۔ سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کے بیٹے اور مغربی اتر پردیش کے قد آور لیڈر چودھری اجیت سنگھ کسانوں کی آواز مانے جاتے تھے ۔ ان کا جنم 12 فروری 1939 کو ہوا تھا ۔ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی ، ڈاکٹر منموہن سنگھ ، اور پی وی نرسمہا راؤ کی حکومتوں میں چودھری اجیت سنگھ مرکزی وزیر رہے ۔ انہوں نے زراعت اور شہری ہوا بازی جیسی اہم وزارتوں کی ذمہ داری سنبھالی ۔ وہ مغربی اتر پردیش کی باغپت پارلیمانی سیٹ سے لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔مسٹر کووند نے جمعرات کے روز ٹویٹ کیا ‘‘ نیشنل لوک دل کے سربراہ اور سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کی موت کی خبر سے دلبرداشتہ ہوں ۔ انہوں نے ہمیشہ کسانوں کے مفادات میں آواز اٹھائی’’۔ انہوں نے مزید کہا ‘‘ایک عوامی نمائندے اور وزیر کی حیثیت سے انہوں نے ملکی سیاست پرانمٹ نقوش چھوڑے ہیں ۔ ان کے اہل خانہ اوربہی خواہوں سے میری تعزیت‘‘ ۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے راشٹریہ لوک دل کے صدر اور سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔مسٹر نائیڈو نے جمعرات کو یہاں جاری ایک پیغام میں کہا کہ چودھری اجیت سنگھ کے زراعت اور کسانوں کی ترقی میں تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سابق مرکزی وزیر اور راشٹریہ لوک دل کے بانی چودھری اجیت سنگھ جی کے انتقال پر رنج کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ پیغام میں آنجہانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کسانوں کی بہبود کے لئے چودھری اجیت سنگھ کے خود کو وقف کرنے اور مرکزی حکومت میں مختلف وزاتوں میں ان کے ہنر مندانہ کام کاج کو یاد کیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے کنبے اور خیر خواہوں کے تئیں تعزیت کا اظہار بھی کیا۔مسٹر مودی نے کہا ‘‘سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ جی کے انتقال سے کافی دکھ ہوا ہے ۔ وہ ہمیشہ کسانوں کے مفادات کے تئیں وقف رہے ۔ انہوں نے مرکز میں کئی محکموں کی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کیں۔ دکھ کی اس مشکل گھڑی میں میری خراج عقیدت ان کے کنبے اور خیر خواہوں کے ساتھ ہیں۔ مرکزی وزیرتعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کی موت پر رنج کا اظہار کیا ہے ۔ڈاکٹر نشنک نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ‘‘ راشٹریہ لوک دل کے صدر ، کسان اور مزدور طبقے کے خیر خواہ ، سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ جی کے انتقال سے ساکت ہوں۔ اپنی طویل عوامی زندگی میں ، وہ ہمیشہ عوامی خدمت کے لئے پابند رہے ۔ میں بھگوان بدری کیدار جی سے ان کی روح کے سکون اور لواحقین کو یہ ناقابل برداشت غم برداشت کرنے کی قوت عطا کرنے کی دعا کرتا ہوں۔مسٹر نقوی نے چودھری اجیت سنگھ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ‘‘کسانوں اور کمزور طبقات کے تئیں وقف چودھری اجیت سنگھ جی کی موت ، ملک کا بڑا نقصان ہے ۔