چوری کرنی ہے تو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل جائیں، عمران خان کا طنز

   

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں چوری کرنی ہے تو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل جائیں، ان کے ساتھ مل جائیں تو سارے کیس ختم ہوجائیں گے ۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نیب ترامیم تباہی کا راستہ ہے ، ملک اشرافیہ کے قبضے میں ہے ، چھوٹی سی اشرافیہ نے اربوں کے کیس معاف کروا لیے ہیں، نیب ترامیم آئین کے بھی خلاف ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کی کسی بھی پارلیمنٹ میں ایسا نہیں ہوا کہ قانون پاس کروا کر چوری معاف کروائی گئی ہو۔ نیب نے 2017 تک 290 ارب روپے اکٹھے کیے ، ہمارے ساڑھے تین سال میں نیب نے 480 ارب روپے اکٹھے کیے ، ابھی مزید 1100 ارب روپے اکٹھے ہونا تھے ، نیب ترامیم کے بعد صرف ڈیڑھ کروڑ اکٹھا ہو سکا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ چوریاں معاف کروائی جا رہی ہیں اور قوم کو کہا جاتا ہے کہ قربانیاں دو، اشرافیہ نے اس ملک میں اربوں کے کیس معاف کروائے ۔