چور کو سبق سکھانے کی ضرورت ، اُدھوٹھاکرے

   

ممبئی : مہاراشٹر کے چیف منسٹر ایکناتھ شندے پر سخت حملہ کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے آج اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ اس ’چور‘ کو سبق سکھائیں جس نے پارٹی کا تیر کا نشان چرا لیا اور اعلان کیا کہ ان کا گروپ ’مشعل‘ کی علامت کے ساتھ الیکشن لڑے گا۔ ان کا یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب الیکشن کمیشن نے شنڈے گروپ کو حقیقی شیوسینا کے طور پر تسلیم کرلیا ۔ ٹھاکرے نے کہا کہ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ وہ بال ٹھاکرے کا چہرہ چاہتے ہیں، وہ انتخابی نشان چاہتے ہیں لیکن شیو سینا کا خاندان نہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو مہاراشٹر میں کامیابی کیلئے بالا صاحب ٹھاکرے کے ماسک کی ضرورت ہے۔

ریاست کے لوگ جانتے ہیں کہ کون سا چہرہ اصلی ہے اور کون سا نہیں ہے!انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ چوروں کو مقدس کمان اور تیر دیا گیا تھا، اسی طرح مشعل بھی وہ چھین سکتے ہیں۔ میں ان کو چیلنج کرتا ہوں۔ اگر وہ مرد ہیں تو چوری شدہ کمان اور تیر لے کر بھی ہمارے سامنے آئیں، ہم مشعل کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ یہ ہمارا امتحان ہے، جنگ شروع ہو چکی ہے۔ٹھاکرے کو گزشتہ جون میں مہاراشٹر کے وزیر اعلی کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا جب شندے نے ٹھاکرے کی قیادت کے خلاف بغاوت کی، جس میں سینا کے 56 میں سے 40 ایم ایل ایز اور اس کے 18 لوک سبھا ممبران میں سے 13 کی حمایت کا دعویٰ کیا گیا۔