کوٹہ؍پرتاپ نگر۔ 6 جنوری (ایجنسیز) راجستھان کے شہر کوٹہ میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہونے والا نوجوان خود ہی مشکل میں پھنس گیا۔ یہ واقعہ بورکھیڑا تھانہ علاقے کے پرتاپ نگر کا ہے، جہاں ایک چور کچن کے ایگزاسٹ فین کے سوراخ سے اندر داخل ہونے کی کوشش میں آدھا اندر اور آدھا باہر پھنس گیا اور تقریباً ایک گھنٹے تک اسی حالت میں تڑپتا رہا۔ مقامی رہائشی سبھاش کمار راوت اپنی اہلیہ کے ساتھ کھاٹوشیام جی سے واپس لوٹے تو رات تقریباً ایک بجے کے قریب کچن میں عجیب منظر نظر آیا۔ اسکوٹر کی روشنی پڑتے ہی معلوم ہوا کہ ایک نوجوان کچن کی دیوار میں بنے ایگزاسٹ فین کے سوراخ میں بری طرح پھنسا ہوا ہے۔ یہ منظر دیکھ کر دونوں میاں بیوی گھبرا گئے اور فوراً شور مچا دیا۔ شور سن کر چور کا ایک ساتھی، جو مبینہ طور پر باہر نگرانی کر رہا تھا، موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ ایگزاسٹ فین کے راستے داخل ہونے والا چور مزید کوشش کرنے پر اور زیادہ پھنس گیا۔ درد سے کراہنے کی آوازیں سن کر محلے کے لوگ بڑی تعداد میں جمع ہو گئے۔ کچھ افراد نے پولیس کو اطلاع دی جبکہ کچھ نے اس غیر معمولی واقعہ کی ویڈیو بنا لی جو بعد میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
