چوطرفہ تنقیدوں بعد سماج وادی سربراہ نے دیا بیان، اکھلیش یادو اعظم خان کی رہائی کیلئے کریں گے ’کوشش

   

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے سیتا پور جیل میں بند رام پور کے رکن اسمبلی اور قد آور لیڈر اعظم خان کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے لکھنؤ میں کہا کہ سماج وادی پارٹی اعظم خان کے ساتھ ہے اور پارٹی ان کی ضمانت کے لیے کوشش کرے گی۔ خیال رہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے رام پور کے رکن اسمبلی اور ایس پی کے بزرگ لیڈر کے حامی اکھلیش یادو پر اعظم خان کے تئیں سردمہری کا الزام لگا رہے تھے۔ یہی نہیں اس کی وجہ سے کئی لیڈروں نے پارٹی سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا،تاہم ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد اعظم خان کو لے کر بیان دیا ہے۔خیال رہے کہ اس سلسلے میں یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی طنز کرتے ہوئے کہا تھاکہ’ اعظم خان کی رہائی کیلئے خود ان کی پارٹی سنجیدہ نہیں ہے‘ ۔اس دوران ایس پی کے کئی بڑے مسلم لیڈروں نے بھی اکھلیش یادو پر اعظم خان کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔یہ سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں کہ اگر ملائم سنگھ یادو کو جیل میں ڈالا جاتا تو ایس پی سربراہ ہرطرف سے کوشش کرتے۔اس دوران اکھلیش یادو سے سیتا پور جیل میں بند اعظم خان سے ایس پی کے وفد کی ملاقات نہ کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔