چوٹ اپل میں خوفناک سڑک حادثہ ۔دو ڈی ایس پی ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے مضافاعی علاقہ چوٹ اپل میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں دو ڈی ایس پی عہدیدار ہلاک ہوگئے جو وجئے واڑہ سے حیدرآباد ایک اسکارپیو گاڑی میں آرہے تھے۔ حادثہ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود کے چوٹ اپل میں پیش آیا۔ اس خوفناک سڑک حادثہ میں دو ڈی ایس پی ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے جن میں اے ایس پی عہدیدار اور ایک ڈرائیور بتایا گیا ہے۔ اس حادثہ میں 57 سالہ چندرادھر راؤ اور 54 سالہ شانتاراؤ ہلاک ہوگئے اور اے ایس پی عہدیدار کے رام پرساد اور ڈرائیور نرسنگ راؤ زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سڑک حادثہ میں ہلاک عہدیدار انٹلیجنس اینڈ سیکوریٹی ونگ میں زیرخدمات تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ عہدیدار وجے واڑہ، آندھراپردیش سے یادادری رچہ کنڈہ تحقیقات کے سلسلہ میں حیدرآباد آئے تھے۔ اسکارپیو گاڑی میں سوار عہدیدار چوٹ اپل کے قریب پہنچے تھے کہ گاڑی کی رفتار بے قابو ہنے کے سبب روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور رفتار بے قابو ہونے کے سبب مخالف سمت پلٹ گئی۔ اس دوران وجے واڑہ سے حیدرآباد کی جانب ارہی ایک لاری اسکارپیو سے ٹکرا گئی اور خوفناک حادثہ پیش آیا اور اس حادثہ میں دو ڈی ایس پی عہدیدار برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ اس حادثہ کی اطلاع کے بعد محکمہ پولیس میں سنسنی پیدا ہوگئی اور کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سدھیر بابو مقام واردات پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع