’’چوکیدار آڈیٹر جنرل‘‘ رپورٹ آنسو پوچھنے کی کوشش

   

وزراء اور رپورٹ میں تضاد ، رافیل سودے کی سی اے جی رپورٹ پر کانگریس کا ردعمل
ئی دہلی۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سخت لب و لہجہ میں تنقید کرتے ہوئے اہم اپوزیشن کانگریس نے آج رافیل سودے کی سی اے جی رپورٹ کو ’’چوکیدار آڈیٹر جنرل‘‘ رپورٹ قرار دیا اور کہا کہ مودی حکومت کا یہ دعویٰ کہ 36 لڑاکا جیٹ طیارے خریدنے کا معاہدہ سابق کی بہ نسبت قیمت کے اعتبار سے 2.86 فیصد سستا ہے، صرف فرضی اعداد و شمار پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کا طویل مدت سے انتظار کیا جارہا تھا، جسے آج پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔ اس پر مودی حکومت نے 36 لڑاکا جیٹ طیارے فرانس کی ڈسالٹ ایوئیشن سے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، دستخط کئے ہیں۔ مبینہ طور پر یہ سودا 2007ء میں یو پی اے دور حکومت میں کئے ہوئے معاہدے کی بہ نسبت قیمت کے اعتبار سے 2.86% سستا ہے۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ سندیپ سرجے والا نے آج یہ الزام عائد کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی تائید میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے اور وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے پارلیمنٹ میں کہا کہ این ڈی اے حکومت نے طیارے 9% تا 20% سستے داموں خریدے ہیں۔ سرجے والا نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان پارلیمنٹ میں دیا تھا۔ یا تو ان کا بیان غلط ہے یا پھر سی اے جی کی رپورٹ آنسو پوچھنے کی ایک کوشش ہے۔ بی جے پی قائدین نے بھی اتفاق کیا ہے کہ یو پی اے دور کی بہ نسبت 2.86% کم قیمت پر لڑاکا طیاروں کا سودا ہوا ہے، لیکن کسی نے بھی قیمت کا انکشاف نہیں کیا۔