حیدرآباد ۔14 ڈسمبر (سیاست نیوز) بوئن پلی چوکیدار قتل کیس کے معاملہ کو پولیس نے حل کرلیا ہے اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران 4 افراد 55 سالہ ٹی مادھوریڈی ساکن نیو بوئن پلی، 44 سالہ ایس مادھو ریڈی ساکن اولڈ بوئن پلی، 50 سالہ جے سریندر ریڈی ساکن پیٹ بشیرآباد اور 27 سالہ ڈی نریش سنگھ ساکن پیٹ بشیرآباد متوطن نیپال کو گرفتار کرلیا۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے سٹی پولیس کمشنر مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ 7 ڈسمبر کو چوکیدار شرانپا کا قتل کردیا گیا۔ اس معاملہ میں آپسی خصومت کے تحت دو گروپس کے جھگڑے میں چوکیدار مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پرکاش ریڈی اور مادھوریڈی و دیگر کے درمیان سال 2005ء سے اراضی کا تنازعہ چل رہا ہے اور اس اراضی معاملہ میں ان دونوں کے درمیان کئی مرتبہ جھگڑا بھی ہوا اور بوئن پلی پولیس میں اراضی کے حدود کے تعلق سے کیس درج ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ نارتھ زون اور ٹاسک فورس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔