متعلقہ افسران کادورہ ‘تعمیری کاموںکا عنقریب آغاز۔ رکن اسمبلی وی شنکرکی کامیاب مساعی
شادنگر یکم؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر کے مرکزی علاقہ میں عوام کے دیرینہ مطالبہ ، چٹان پلی ریلوے اوور برج کی تعمیر کے سلسلہ میں اب عملی پیش رفت شروع ہو چکی ہے۔ حال ہی میں ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر کے اعلان کے مطابق متعلقہ افسران نے پل کی تعمیر کے مقام کا جائزہ لیا۔ آر اینڈ بی کے ایس ای راجیشور ریڈی اور محکمہ برقی کے ڈی ای شیام سندر ریڈی سمیت دیگر عہدیداروں نے مشترکہ طور پر دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا۔ ہفتہ کی صبح، معائنہ کے موقع پر مارکیٹ کمیٹی وائس چیئرمین محمد علی خان بابر، کانگریس پارٹی ٹاؤن صدر چنّیا، سابقہ کونسلر و کانگریس رہنما چیگوری راجندر ریڈی سمیت کئی مقامی رہنما موجود تھے۔ راجیشور ریڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چٹان پلی ریلوے اوور برج کے لیے 194 کروڑ روپے کی تجویز بھیجی گئی تھی جسے حکومت نے منظور کر لیا ہے ، اور ابتدائی طور پر 184 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پل کے مقام پر مکانات، برقی لائنیں اور سڑکوں کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وہ یہاں آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برج کی تعمیری کام میں معمولی ڈیزائن میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں اور بہت جلد حکومت ان کاموں کا باضابطہ آغاز کرنے جا رہی ہے۔ محکمہ برقی کے ڈپٹی انجینئر شیام سندر ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ چٹان پلی اوور برج کی تعمیر کے دوران بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ، اس کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر اے ڈی ستیہ نارائن اور اے ای ونود سمیت محکمہ کے کئی افسران موجود تھے۔ مارکیٹ کمیٹی وائس چیئرمین محمد علی خان بابر نے کہا کہ ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر کی کوششوں اور تعاون سے چٹان پلی ریلوے اوور برج کی تعمیر اب حقیقت بننے جا رہی ہے۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو 34 کروڑ روپے معاوضہ کے طور پر مختص کیے ہیں۔ اس موقع پر ٹاؤن صدر چنّیا، سابق کونسلر راجندر ریڈی، کانگریس کے نوجوان رہنما مبارک علی خان، سید قدیر ، لنگاریڈی گوڑم اشوک، روی، رمیش، محبوب، ویرلاپلی انور، نیرتی واسو، شرف الدین، کتّی چندر شیکھر اپّا، چندو، سرینواس، شیکھر، نلمونی شری دھر اور دیگر مقامی رہنما موجود تھے۔
۔۔