اُدھا گمنڈلم (اوٹی) 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) تمل ناڈو کے وزیر جنگلات ڈنڈیگل سرینواسن جنھوں نے تھپاکڈو ایلفینٹ کیمپ میں ایک قبائیلی لڑکے کو اُن کی چپلیں نکالنے کی ہدایت دی تھی جس کی وجہ سے ایک تنازعہ پیدا ہوگیا تھا، شخصی طور پر لڑکے اور اُس کی ماں سے معذرت خواہی کرلی۔ اُنھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ قبائیلی لڑکا اُن کے پوتے جیسا ہے اور اپنی بزرگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اُنھوں نے لڑکے سے چپلیں اُتارنے کو کہا تھا۔ اس کے علاوہ اُن کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ تاہم لڑکے کی ماں اور کچھ سماجی تنظیموں نے وزیر سے معذرت خواہی کا مطالبہ کرتے ہوئے اُن کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروادی اور ایس سی / ایس ٹی قوانین کے تحت اُن کے (وزیر) خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر موصوف نے جب عوام کی ناراضگی کو محسوس کرلیا تو اُنھوں نے فوری طور پر ریاستی گیسٹ ہاؤس ’’تمیز اہاکم‘‘ میں لڑکے کی ماں اور دیگر رشتہ داروں کے علاوہ کچھ کمیونٹی ارکان کو بھی بلایا اور اس معاملہ کو رفع دفع کیا۔