حیدرآباد ۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ نے تقریباً ایک سال بعد ریاست میں گاڑیوں کے لائسنس اور آر سی کارڈس میں دوبارہ چپ اور کیو آر کوڈ پر مشتمل چپ کے ساتھ اسمارٹ کارڈ کی اجرائی کا آغاز کیا ہے۔ بیرونی ممالک سے حاصل ہونے والے چپس کی برآمد میں قلت پیدا ہوجانے کے بعد تقریباً ایک سال تک بغیر چپ کے کارڈس جاری کئے گئے تھے۔ ایک سال قبل تک گاڑیوں کے لائسنس آر سی اسمارٹ کارڈس چپ کے ساتھ جاری کئے جاتے تھے۔ اس چپ میں ریڈر کو رکھتے ہوئے گاڑیوں کی تمام تفصیلات حاصل کی جاتی تھی۔ ٹنڈرس عمل کے ذریعہ خانگی کمپنی کو اسمارٹ کارڈ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی جاتی تھی۔ وہی کمپنی چپ کے سارے معاملات دیکھ لیا کرتی تھی۔ چپ کی قلت پیدا ہونے کے بعد اسمارٹ کارڈس کی اجرائی کو روک دیا گیا تھا۔ یہ اسمارٹس چپس، یوکرین، تائیوان اور چین سے منگائی جاتی تھی۔ چین سے تعلقات کشیدہ ہوجانے کے بعد چپس کی برآمد کو روک دیا گیا تھا۔ یوکرین میں جنگ کی وجہ سے بھی چپ کو حاصل کرنا مشکل ہوگیا تھا جس کے بعد مقامی طور پر چپ کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوجانے کے بعد تائیوان نے بھی عارضی طور پر چپ کی اجرائی کو روک دیا تھا۔ مہاراشٹرا کے علاوہ دیگر ریاستوں کے سرحدی علاقوں میں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران بغیر چپ کے لائسنس اور آر سی کارڈس کی موجودگی پر اصل یا نقلی ہونے کے شکوک کا اظہار کیا تھا جس کی محکمہ ٹرانسپورٹ کو بڑے پیمانے پر شکایتیں وصول ہوئی اور چپ پر مشتمل اسمارٹ کارڈس کی اجرائی کا دباؤ بڑھنے کے بعد دوبارہ چپ کے ساتھ کارڈس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور چہارشنبہ سے اس کی اجرائی کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔ اسمارٹ کارڈ کے سامنے چپ اور پیچھے کیوآرکوڈ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ن