چچا کی آخری رسومات میں شرکت کے موقع پر دوچچا زاد بھائیوں کی موت

   

جموں۔ کشمیری پنڈتوں نے ہفتہ کے روز یہاں چند روز قبل کورونا سے فوت ہونے والے ایک شخص کی آخری رسومات میں شرکت کے دوران دو چچا زاد بھائیوں کی موت واقع ہونے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متوفین کی نعشیں فوری طور پر لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔بتادیں کہ کورونا میں مبتلا ہوکر مرنے والے ایک 65 سالہ شخص، جس کی جموں کے میڈیکل کالج و ہاسپٹل میں چہارشنبہ کی شام کو موت واقع ہوئی تھی، کی سدھرا علاقے میں آخری رسومات کی انجام دہی میں شرکت کے دوران متوفی کے دو بھتیجے بے ہوش ہوگئے تھے اور بعد ازاں ان کی موت واقع ہوئی تھی جن کی نعشیں ابھی لواحقین کے حوالے نہیں کی گئی ہیں۔احتجاجی ان دو چچازاد بھائیوں کی لاشوں کو لواحقین کے سپرد کرنے اور اس واقعے کے حوالے سے سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کررہے تھے ۔کشمیری پنڈتوں کی ‘کے پی والنٹیئر’ نامی ایک سماجی تنظیم کے ایک کارکن نے اس موقع پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ان دو نوں بھائیوں کی موت انتظامیہ کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے ۔