چچی نے کمسن بھتیجے کو دوسری منزل سے پھینک دیا‘ معصوم لڑکا فوت

   

حیدرآباد : پرانے شہر کے علاقہ کمہارواڑی میں ایک دردناک واقعہ میں چچی نے 3 سالہ کمسن بھتیجے کو دوسری منزل سے پھینک دیا ۔ تفصیلات کے مطابق عائشہ بانو جو محمد شجاع الدین کی بیوی ہے کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی اور وہ لاولد ہے ۔ شجاع اپنے بڑے بھائی محمد احتشام الدین کے 3 سالہ بیٹے محمد نعمان الدین سے بے انتہاء پیار کرتا تھا جو عائشہ بانو کو کھٹکتا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ کمسن بچہ سے حسد کے نتیجہ میں عائشہ بانو اکثر اسے اذیتیں دیا کرتی تھیں اور کمسن کی ماں سے جھگڑا کیا کرتی تھی ۔ آج صبح 10.30 بجے نعمان کو عائشہ بانو نے دوسری منزل لے جاکر نیچے پھینک دیا ۔ اس منظر کو بعض مقامی افراد نے دیکھا اور والدین کو آگاہ کیا ۔ اس واقعہ میں نعمان کے سر پر گہرا زخم آیا اور وہ شدید زخمی ہوگیا ‘ جس کے بعد نعمان کو پہلے ایک مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ بعد ازاں کاچی گوڑہ کے اسپیشیالیٹی ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ پولیس بھوانی نگر کو بھی اطلاع دی گئی اور کچھ ہی دیر میں پولیس کی ایک ٹیم نے وہاں پہنچ کر مقام واردات کا معائنہ کیا اور کلوز ٹیم نے کمسن بچے کے خون کے نشان پائے ۔ عینی شاہدین کی نشاندہی پر پولیس نے عائشہ بانو کو حراست میں لے لیا اور اس کی تفتیش کرنے پر اس نے اقبال جرم کرلیا ۔ انسپکٹر بھوانی نگر این وینکٹیشورلو نے بتایا کہ عائشہ بانو اپنے جیٹھ کے بچے سے حسد کرتی تھی کیونکہ وہ لاولد ہے اور اپنے شوہر کی نعمان چاہت کو پسند نہیں کرتی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ خاتون کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا اور اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا گیا ۔ پولیس تحقیقات کررہی ہے ۔