دبئی :آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی بولروں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے جس میں ہندوستانی اسپنر ورون چکرورتی نے ایک دو یا 10 نہیں بلکہ 25 کھلاڑیوں کو مات دی ہے۔ انہوں نے کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کے ٹاپ 5 بولرز میں اپنا نام درج کرایا ہے۔ ورون چکرورتی آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی20 رینکنگ میں 5 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ان کے679 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ ٹاپ 5 میں ہندوستان کا کوئی اوربولر شامل نہیں ہے لیکن ٹاپ 10 میں تو ورون چکرورتی کے علاوہ، ارشدیپ سنگھ اور روی بشنوئی کے نام بھی نظر آتے ہیں۔ ارشدیپ سنگھ 9ویں نمبر پر ہیں۔ وہیں آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں روی بشنوئی 10ویں نمبر پر ہیں۔ علاوہ ازیں آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی بولروں کی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید پہلے نمبر پر ہیں۔ اس انگلش اسپنرکے 718 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ جبکہ ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین 707 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسرے نمبر پر سری لنکا کے وینندو ہسرنگا ہیں جن کے698 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 694 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ٹی ٹوئنٹی بولروں کی آئی سی سی رینکنگ میں اسپنرز کا غلبہ ہے۔ ورون چکرورتی کے علاوہ ایک اور ہندوستانی کھلاڑی کی آئی سی سی رینکنگ میں چھلانگ لگ گئی ہے۔ تلک ورما آئی سی سی کی ٹی20 بیٹرس کی درجہ بندی میں تیسرے سے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ہاردک پانڈیا آل راؤنڈرزکی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہیں۔ راجکوٹ ٹی 20 میں ہندوستان کی شکست کے بعد ہاردک پانڈیا پر کافی تنقید ہوئی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔ تلک ورما 832 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔