چکن کی قیمتوں میں کمی ، ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : شہر اور ریاست میں چکن کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی ہے جب کہ ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ۔ ریٹیل مارکٹ میں چکن 200 روپئے فی کیلو ہوگیا ہے جس سے عوام کو قدرے راحت ملی ہے لیکن ٹماٹر کی قیمتیں عام آدمی کو بھی پریشان کررہی ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ کارتیکا ماسم کی وجہ سے چکن کی قیمتیں کم ہوئی ہیں کیوں کہ بعض لوگ اس دوران چکن کا استعمال نہیں کرتے ۔ چکن کی قیمتیں 200 تا 250 روپئے فی کیلو کے درمیان ہیں جب کہ اکٹوبر میں یہ قیمت 290 روپئے تک تھی ۔ تاہم ٹماٹر کی قیمتیں آسمان چھور رہی ہیں اور کئی لوگوں نے اس کا استعمال ترک کردیا ہے ۔ سپلائی میں کمی کو قیمتوں میں اضافہ کی وجہ قرار دیا جارہا ہے ۔ بارش کی وجہ سے بھی مارکٹ میں ٹماٹر کی آمد کم ہوئی ہے کیوں کہ چند اضلاع میں اسکی فصل متاثر ہوئی ہے ۔ عموما حیدرآباد کو یومیہ 180 ٹرکس ٹماٹر آتے ہیں جو اب گھٹ کر صرف 60 ٹرک رہ گئے ہیں ۔ کرناٹک ، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش سے ٹماٹر کی آمد کم ہونے سے ریٹیل مارکٹ میں اس کی قیمت 100 روپئے فی کیلو ہوگئی ہے ۔ دو ہفتے قبل یہ قیمت 50 روپئے تھی ۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹماٹر خریدنا ترک کردیا ہے کیوں کہ ایک کیلو ٹماٹر کی قیمت میں آدھاکیلو چکن دستیاب ہورہا ہے ۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ حالانکہ ٹماٹر ایک ضروری سبزی ہے اور اس کا اپنا مزہ ہے لیکن وہ مہنگائی کی وجہ سے دوسری سبزیاں استعمال کررہے ہیں ۔۔