حیدرآباد۔برڈ فلو کی دہشت نے دیگر گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کی راہ ہموار کی ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ برڈ فلو کے سبب بکرے‘ گائے اور مچھلی کے گوشت کی قیمتو ںمیں اضافہ پر قابو پانے کے اقدامات کرے اور عوام کو اضافی بوجھ سے محفوظ رکھا جائے ۔ تلنگانہ میں برڈ فلو کی توثیق نہ ہونے کے باوجود چکن کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس کے برعکس دیگر گوشت کی قیمتو ںمیں بے تحاشہ اضافہ کیاجانے لگا ہے جو غیر قانونی ہے ۔ حکومت بالخصوص محکمہ اوزان و پیمائش کے علاوہ غیر مجاز طور پر قیمتوں میں اضافہ کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنانے والے محکمہ جات کو متحرک کرکے گائے‘ بکرے اور مچھلی کی قیمتو ںمیں اضافہ پر قابو پایا جائے ۔ دونوں شہروں میں چکن کے استعمال میں کمی اور دیگر گوشت کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ان کی قیمتوں میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دیگر گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کو روکا جائے کیونکہ اگر برڈ فلو کے سبب چکن کی فروخت نہیں ہورہی ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ دیگر گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے ۔ اس کے اثرات تمام گوشت خور شہریوں پر پڑیں گے اور تاجرین کی من مانی پر حکومت کی خاموشی تاجرین کی حوصلہ افزائی کا سبب بنے گی۔ تلنگانہ میں قیمتوں پر قابو پانے اور بالخصوص قیمتوں میں من مانی اضافہ کو روکنے کوئی میکانزم نہیں ہے ۔