چکن کی قیمت گھٹ کر اب 100 روپئے ہوگئی

   

کیا ہوٹلوں میں چکن ائٹمس کی قیمتیں کم ہوں گی ، سوشیل میڈیا پر بحث ؟
حیدرآباد۔ 13 فروری (سیاست نیوز) برڈ فلو کے خوف کے بعد چکن کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ آئی ہے۔ دو دن قبل تک 280 تا 300 روپئے فی کیلو فروخت ہونے والے چکن کی قیمت اب گھٹ کر 100 روپئے تک پہنچ چکی ہے۔ عوام برڈ فلو کے ڈر سے چکن کھانے سے گریز کررہے ہیں۔ حیدرآباد میں چکن کی فروخت 50% تک گھٹ چکی ہے۔ شہر حیدرآباد میں عام دنوں میں روزانہ 6 لاکھ کیلو چکن فروخت ہوا کرتا تھا جس میں اب نصف فیصد تک کمی آگئی ہے۔ چکن کی دکانیں خالی پڑی ہوئی ہیں اور خریداروں کا دکان دار بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ دوسری جانب ہوٹلس اور ریسٹورینٹس میں بھی چکن ائٹمس کا ڈیمانڈ بھی نمایاں طور پر کم ہوچکا ہے۔ سوشیل میڈیا میں یہ بحث شروع ہوچکی ہے کہ جب بھی کوئی شئے مثلاً گیاس سلنڈر ، خوردنی تیل، پیاز وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہوٹل کاروباریوں کی جانب سے اچانک قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے تو اب چکن کی قیمت میں کمی آجانے سے کیا چکن کے ائٹمس کی قیمتیں کم کی جائیں گی؟ آندھرا پردیش کے چند اضلاع میں برڈ فلو کی وجہ سے 10 لاکھ مرغیاں فوت ہوچکی ہیں جس کے بعد تلنگانہ حکومت نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے آندھرا پردیش سے تلنگانہ کو پہنچنے والے چکن کی گاڑیوں کو روکنے کیلئے سرحدی علاقوں میں 24 چیک پوسٹ قائم کئے ہیں۔ دوسری جانب ریاست تلنگانہ میں انیمل ہسبنڈری ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں مختلف پولٹری فارمس کا معائنہ کررہے ہیں۔ وہ موجود چکن میں انفلوئنزا کی علامات کا پتہ چلا رہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ کے اضلاع کاماریڈی، نظام آباد، نرمل اور کھمم میں بھی مرغیاں فوت ہورہی ہیں۔ 2