پولیس کانسٹیبل سے بدسلوکی کا الزام ۔ مسجد کے قریب پکٹ پر تنازعہ
حیدرآباد یکم / مئی ( سیاست نیوز ) مادناپیٹ پولیس نے چھاونی ڈیویژن مجلسی کارپوریٹر مرتضی علی کے خلاف پولیس کانسٹیبلس سے بدسلوکی پر مقدمہ درج کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل دو پولیس کانسٹیبلس کو مسجد معراج کرماگوڑہ کے قریب پیکٹ پر تعینات کیا گیا تھا ۔ اسی دوران مسجد کمیٹی ارکان نے مسجد کے سامنے پیکٹ دیکھ کر وجہ طلب کی اور کارپوریٹر کو طلب کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کارپوریٹر نے پولیس کانسٹیبل اے شیام پرساد سے پوچھا کہ کیا وہ مسجد کو مقفل کرنے آئے ہیں ۔ اس بات پر کارپوریٹر اور کانسٹیبلس کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی ۔ کارپوریٹر نے مبینہ طور پر کانسٹیبل کے نام کے بیاچ کو دکھانے کہا لیکن کانسٹیبل نے انکار کردیا جس پر زور کا استعمال کیا گیا اور کانسٹیبلس کو وہاں سے چلے جانے کہا گیا ۔ کارپوریٹر کے حامیوں نے اس معاملہ کی ویڈیو نکالی اور سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا ۔ عہدیداروں کے علم میں یہ بات آنے پر کارپوریٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے ہدایت دی گئی ۔ انسپکٹر مادناپیٹ ڈی سنتوش کمار نے کہا کہ کارپوریٹر مرتضی علی کے خلاف تعزیرات ہند کے خلاف 353 ( سرکاری ملازم کو بدسلوکی اور خدمات انجام دینے سے روکنا ) کے تحت مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔