چھترپتی شیواجی سے وزیراعظم مودی کا تقابل، توہین آمیز

,

   

بی جے پی لیڈر کی کتاب پر امتناع کیلئے شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کا مطالبہ، مصنف پر چاپلوسی کا الزام

ممبئی 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چھترپتی شیواجی مہاراج سے وزیراعظم نریندر مودی کا تقابل کرنے والی کتاب کو شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راؤت نے ’توہین آمیز‘ قرار دیا اور مراٹھا جنگجو راجہ کے وارثوں سے اس مسئلہ پر اپنے موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ راؤت نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ شیواجی مہاراج سے کسی کا بھی تقابل قابل قبول نہیں ہوسکتا۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ کام محض وزیراعظم کی چاپلوسی کے لئے چند پاپوش برداروں کی کارستانی نظر آتا ہے۔ بی جے پی کو چاہئے کہ وہ ’آج کے شیواجی ۔ نریندر مودی‘ کے زیرعنوان ایک بی جے پی لیڈر جے بھگوان گوئل کی تحریر کردہ کتاب سے بے تعلقی اختیار کرے۔ سنجے راؤت نے کہاکہ ’ایک بی جے پی لیڈر نے ’آج کے شیواجی : نریندر مودی‘ کے زیرعنوان کتاب لکھی ہے جس کو ہم توہین آمیز تصور کرتے ہیں۔ چنانچہ اُس پارٹی (بی جے پی) کو یہ واضح کرنا ہوگا کہ آیا وہ بھی وزیراعظم نریندر مودی کو شیواجی مہاراج جیسی عظیم تصور کرتی ہے‘۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ’ہم بھی اگرچہ وزیراعظم نریندر مودی کا احترام کرتے ہیں لیکن شیواجی مہاراج کا کسی دوسرے سے تقابل ہمارے لئے ناقابل قبول ہوگا‘۔ راؤت نے کسی کا نام لئے بغیر جنگجو راجہ کے وارثوں میں شامل بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا چھترپتی سمبھاجی راجے اور ستارہ کے سابق رکن پارلیمنٹ اڈیان راجے بھوسلے کو تنقید کا نشانہ بنایا جو حال ہی میں این سی پی سے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔