چھتیس گڑھ اسمبلی کامانسون اجلاس 26 جولائی سے

   

رائے پور: چھتیس گڑھ اسمبلی کامانسون اجلاس کل سے شروع ہورہا ہے ۔ اجلاس کے کافی ہنگامہ دارہونے کاامکان ہے ۔پانچ روزہ اس اجلاس میں پہلے ضمنی مطالبات زر کے ساتھ ہی دیگرقانون سازی کے کام نمٹائے جائیں گے ۔ 30 جولائی تک چلنے والے اس اجلاس میں اہم اپوزیشن بی جے پی نے کسانوں سے متعلق امور، کھاداوربیج کی کمی، کورونا بحران کی افراتفری کے ساتھ ہی مبینہ طورسے ہوئی تبدیلی مذہب وغیرہ کے مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی بنائی ہے ۔ کل شام اپوزیشن لیڈر دھرم کوشک کی صدارت میں ہونے والی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں پارٹی کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔حکمراں کانگریس بھی حزب اختلاف کے حملوں کاجواب دینے کے لئے حکمت عملی طے کر رہی ہے جسے آج شام وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل کی صدارت میں ہونے والی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں حتمی شکل دی جائے گی۔ کانگریس بھی مہنگائی، پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل ہورہے اضافے سمیت دیگر قومی امور کے تعلق سے بی جے پی پر جوابی حملے کرسکتی ہے ۔کورونا وائرس کی وبا کے سبب اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر چرن داس مہنت نے بغیر ویکسین لگائے ایوان میں اوراحاطے میں داخل ہونے پرپابندی عائد کردی ہے ۔ تمام لوگوں کو ویکسین لگوانے کی سرٹیفکیٹ کے ساتھ آنا ہوگا۔ میڈیا نمائندوں کو بھی بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ کے داخلہ نہیں ملے گا۔ اسپیکر نے احاطے میں بھی کورونا پروٹوکام کی مکمل پیروی کرنے کی درخواست کی ہے ۔